چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کرک میں مندر جلانے کے واقعے کا ازخود نوٹس لے لیا۔
پاکستان ہندو کونسل کے چیف پیٹرن ایم این اے رمیش کمار نے چیف جسٹس سے ملاقات کی اور انہیں واقعے سے آگاہ کیا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ میں واقعےکا پہلے ہی ازخود نوٹس لے چکا ہوں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں ہجوم نے مندر جلا دیا تھا، چیف جسٹس پاکستان نے ڈاکٹر رمیش کمارسے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس کا ازخود نوٹس لیا ہے۔
یاد رہے کل (بدھ) کرک میں مشتعل افراد نے مندر میں توڑ پھوڑ کے بعد اسے نذر آتش کردیا تھا۔