حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موؤمنٹ آج پیپلزپارٹی کی میزبانی میں مالاکنڈ میں جلسہ کرے گی۔ پارٹی کی اعلیٰ قیادت جلسے سے خطاب کریگی۔
ابتدا میں پارٹی کی جانب سے بٹ خیلہ ظفر پارک کو جلسے کیلئے منتخب کیا گیا تھا، تاہم جگہ کم ہونے کی وجہ سے اب جلسہ جی ٹی روڈ پر ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور (ن) لیگ کے رہنما امیر مقام الگ الگ ریلیوں کی شکل میں مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ پہنچیں گے۔
پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کی جانب سے جلسے کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے پنڈال میں 10 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ مختلف علاقوں سے قائدین کو ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ لایا جائے گا۔
جلسہ گاہ کے اطراف اور سڑکوں کو پارٹی جھنڈوں اور بینر سے سجا دیا گیا ہے، جب کہ جلسہ گاہ کے باہر کرونا وائرس کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ پنڈال میں کارکنوں کی آمد صبح ہی سے شروع ہوگئی ہے۔ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا جلسہ مالا کنڈ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
رات گئے پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر انجینیر ہمایوں خان نے ظفر پارک کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈٰیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ناجائز حکومت کے خلاف میدان میں نکل چکے ہیں، اب حکمران ہمارا رستہ نہیں روک سکتے۔
دوسری جانب مفتی کفایت اللہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا بٹ خیلہ ظفر پارک میں جلسہ منسوخ کرکے جی ٹی روڈ پر پاور شو ہوگا۔ قبل ازیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی ایم کو جلسہ کیلئے اجازت دینے سے انکار کیا گیا تھا