ہفتہ , 17 اپریل 2021
ensdur

پاکستان میں سب سے پہلے سندھ حکومت کا بدھ سے کرونا کی ویکسینیشن کا اعلان

چین سے کرونا ويکسين لانے کيلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا طیارہ بیجنگ روانہ ہوگيا، ویکسین کل پاکستان پہنچے گی۔ سندھ حکومت کا کرونا ويکسينيشن بدھ سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ ناصر شاہ کہتے ہيں وفاق 82 ہزار ڈوزز دے گا، سندھ کو ويکسين براہ راست منگوانے کی اجازت دی جائے یا وفاق خود منگوا کردے۔

پاکستان میں پہلی بار سندھ حکومت نے بدھ سے کرونا ویکسین لگانے کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا، پہلے مرحلے میں 10 اضلاع کے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت رکن سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان کو چین سے ملنے والی سائینو فارم ویکسین کی 5 لاکھ ڈوزز میں سے سندھ حکومت کو 82 ہزار 359 ڈوزز ملیں گی، محکمہ صحت سندھ نے اپنے وسائل سے کرونا ویکسین کی خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے علیحدہ سے معقول فنڈز مختص کر رکھ اہے، تاکہ صوبائی حکومت خود بھی ویکسین کی خریداری کرسکے۔

ناصر حسین شاہ نے مزید بتایا کہ سندھ کو چین کی سائنو فارم اور نجی ڈونر گروپ کی اسٹرازینکا اور فائزر کی 2 مختلف ڈوزز ملیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ابھی تک ہم نے ویکسین کا آرڈر نہیں دیا، عالمی بینک کے کنٹری ہیڈ سے بھی کرونا ویکسین کی فراہمی میں معاونت کی درخواست کی ہے۔

پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت رکن سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہم فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ٹارگٹ کررہے ہیں، پالیسی کے مطابق جن علاقوں میں زیادہ کرونا کے کیسز مثبت ہیں انہیں ترجیح دی جارہی ہے، کراچی میں کرونا کیسز کا تناسب 22فیصد رہا، حیدرآباد میں 26 فیصد اس کے بعد شہید بے نظیر آباد ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی سی یو، ایچ ڈی یو میں کام کرنیوالے ڈاکٹرز، پیرامیڈکس، لیبارٹریز میں کام کرنیوالے اور گھروں پر جاکر کووڈ 19 ٹیسٹ کرنے والی ٹیموں کو پہلے مرحلے میں ویکسین دی جائے گی، اس وقت ہمارے پاس ایک لاکھ 70 ہزار فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی طرف سے کرونا ویکسین کے انتظامات کرلئے گئے ہیں، کرونا ویکسین کی رجسٹریشن کیلئے شہری اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 1166 پر ایس ایم ایس کرکے ویکسین لگنے کی تاریخ اور متعلقہ سینٹر کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں

تعارف Editor

یہ بھی چیک کریں

محکمہ داخلہ نے کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا

کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے سربراہ سعد رضوی کا شناختی کارڈ بلاک …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے