کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم 19.4 اوورز میں 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے میچ کے آغاز میں حریف ٹیم کو دباؤ کا شکار کیا تاہم 81 کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں گرنے کے بعد انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کردی۔ انہوں نے 47 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 62 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر نمایاں بیٹرز میں نتالی سیوورز نے 36 اور فرین ولسن نے 22 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ایمن انور نے تین اور ندا ڈار نے دو وکٹیں حاصل کیں۔