اتوار , 12 جولائی 2020
ensdur
CORONAVIRUS PAKISTAN
248856
  • Sindh 103820
  • Islamabad 13927
  • KP 30078
  • Punjab 85991
  • Balochistan 11157
  • GB 1630
  • AJK 1532
  • DEATH 5197

مجھے تم سے غداری کی بو آتی ہے | شاہ فرحان

تحریر: شاہ فرحان

کچھ روز پہلے لاہور کے گنجان آباد علاقہ میں کتاب میلہ منعقد ہوا، قومی و بین الاقوامی، ہر قسم کی کتابیں وہاں موجود تھیں۔ پبلشرز زیادہ اور خریدار کم نظر آتے، زیادہ تر تو میری طرح اپنا فالتو وقت گزارنے چلے آئے تھے
‏آج میری نظروں کے سامنے دو مناظر نمایاں ہیں، خیر دوسرا منظر نہ ہی ہوتا تو اچھا تھا، مگر چونکہ اس نے آج کے دن کا مزا کِرکِرا کر دیا لہذا اسکا ذکر لازمی ہے۔
پہلا منظر، تو یہ کہ لاہور مسکرا رہا ہے۔ جمِ غفیر ہے، لوگوں کی آمد جوق در جوق بڑھتی ہی جا رہی ہے۔
‏جس جگہ کتاب میلہ منعقد ہوا تھا اسی جگہ آج عسکری ساز و سامان کی نمائش جاری ہے،
لاہور پر خدا کا خاص کرم ہوا ہے کہ برسوں بعد لاہوری خوشی سے چہچہا رہے ہیں جیسے بہار کی پہلی بارش میں کویل۔
‏دوسرا منظر بہت بھدا ہے، ایک گوار، اُجڈ قسم کی، شریف گھرانے کی لڑکی چادر چار دیواری کا خیال کئے بغیر اس نمائش گاہ سے دو چار فٹ کے فاصلے پر کھڑی ہے، اسے چہل پہل سے کوئی سروکار نہیں۔ مگر مجھے خوشی ہے کہ لاہوری اہلِ نظر ہیں اور وہ دیکھنے والی چیز ہی کو بار بار دیکھ رہے ہیں۔
‏اس لڑکی کو آخرکیوں دیکھا جائے؟
اس کے پاس بندوق ہےنہ لڑاکا طیارے، وردی ہے نہ ہی کندھوں پر پرکشش ستارے۔ جبکہ دوسری جانب ہمارے مطلب کی ہر چیز میسر ہے۔
ارے اس لڑکی کے ہاتھوں میں یہ دو تصاویر۔ کتنے خوبصورت جوان ہیں، مگر نہ جانے اس نے یہ تصاویر کیوں اٹھا رکھی ہیں، شاید بیچنے کے لئے۔
ارے ‏یہ کیا بے ہودہ پن ہے کہ وہ لڑکی میرے سامنے آ کھڑی ہوئی ہے، وہ مجھ سے کچھ کہہ رہی ہے “ارے لڑکے تم مجھے گھور رہے تھے، میں خاندانی لڑکی ہوں مجھے ایسے نہ دیکھو”
“مگر میں تو ان دو تصاویر کو دیکھ رہا تھا” میں نے تصویروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا
‏”یہ دونوں میرے بھائی ہیں، تیسرے کی مسخ شدہ لاش کو دفنا کر آئی ہوں، ان وردی والوں نے میرے بھائیوں کو نجانے کہاں رکھا ہوا ہے آپ ان سے کہیے کہ حسیبہ باجی کے بھائیوں کو ان کےگھر بھیج دیں” اسکی آنکھوں سےآنسوؤں کا بند تھوڑی دیر تک ٹوٹ جائے گا اور وہ رونے لگے گی۔
‏”تُو ہماری فوج پر الزام لگاتی ہے، شرم کر لڑکی وہ جاگتے ہیں تو ہم سو پاتے ہیں اور تُو انہیں اغوا کار سمجھتی ہے، مجھے تم سے غداری کی بو آتی ہے” میں نے اسے دوٹوک انداز میں جواب دیا
اب حسبِ توقع وہ میرےسامنے مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے، مگر میں نے بھی دنیا دیکھی ہے، نوسربازوں سےمحتاط رہتا ہوں
‏”پرے ہٹ لڑکی، ہماری فوج ایسا نہیں کر سکتی اور ہاں، تیرے بھائی تُو جانے، مجھےنمائش دیکھنے دے”
میں اسے دھکا دے کے ہجوم میں داخل ہوگیا ہوں
اب میری یہی خواہش ہے کہ کوئی میری شرٹ پر لکھا “بلَیک لِوز مَیٹر” پڑھ سکے تاکہ وہ مجھے عالمی حالات سے آگاہ سمجھیں۔

تعارف Editor

یہ بھی چیک کریں

فسطائیت کیا ہے؟ کیا پاکستانی ریاست فاشسٹ ریاست بن چکی ہے؟ | زاہدہ رحیم

تحریر: زاہدہ رحیم فاشزم یعنی فسطائیت لاطینی زبان کے لفظ “فاشیو” (Fascio) سےنکلا ہےجس کےمعنی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے