وفاقی کابینہ کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کی جانب سے لاک ڈاؤن مزید دو ہفتے برقرار رکھنے کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ 30 اپریل تک توسیع کی حتمی منظوری قومی رابطہ کمیٹی دے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران کابینہ کی جانب سے ای سی سی، قومی رابطہ کمیٹی سمیت لیجسلیٹیو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کا کنٹرول وائلڈ لائف کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق احساس ایمرجنسی پروگرام کے ایجنٹس کے کمیشن پرایڈوانس انکم ٹیکس کی چھوٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے جبکہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران ای او بی آئی پی پینشنرز میں اضافے کا معاملہ مؤخر کردیا گیا ہے ۔