سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے امیدوار کی حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
جمعے کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے امیدوار کی حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔
یاد رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے 25 مارچ کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں 10 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن کو مؤخر کرنے کا حکم دیا تھا۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار کے وکیل سلمان اکرم راجا کے دلائل مکمل ہونے پر حلقے میں ضمنی انتخاب مؤخر کرنے کا مختصر حکم جاری کیا تھا۔
سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں 10 اپریل کو پولنگ کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ کیس کی سماعت مکمل کرنے اور فیصلے میں وقت درکار ہے۔
عدالت نے مختصر حکم نامے میں کہا تھا کہ امیدوار نوشین افتخار کے وکیل سلمان اکرم راجا کے دلائل ابھی جاری ہیں، اور ان کے علاوہ باقی فریقین کو بھی سننا ہے۔