منگل , 13 اپریل 2021
ensdur

سندھ کی سالمیت پر حملہ ہوا ہے، اس کے خلاف قرار داد لائیں گے، مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جزائر سے متعلق آرڈیننس کے خلاف پورا سندھ کھڑا ہے، آج جزائر سے متعلق وفاقی آرڈیننس کے خلاف قرار داد منظور ہورہی ہے، جبکہ اُن کو جزیروں کے نام تک نہیں پتا اور آرڈیننس لے آئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کو غدار نہیں کہوں گا، لیکن انھوں نے دھرتی سے ان کے پیار میں شک ضرور ڈال دیا، وفاقی حکومت کے آرڈیننس کے خلاف پورا سندھ سراپا احتجاج ہے، ان کی حب الوطنی پر نہیں لیکن ملک سے پیار پر شک ضرور ہوگیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی سالمیت پر جو حملہ ہوا اس کے خلاف قرار داد لائیں گے، سندھ حکومت پہلے ہی اس آرڈیننس کے خلاف کام کررہی تھی اب مزید طاقت سے کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جزائر سے متعلق وفاقی آرڈیننس غیر آئینی ہے، اپوزیشن کو چاہئے تھا کہ اسمبلی میں قرارداد پر بات کرتے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ انہیں مخالفت کرنی تھی کرتے، حمایت کرنی تھی کرتے، ترامیم لانی تھی لاتے، مگر اپوزیشن والے بہانہ بناکر اجلاس سے چلے گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اجلاس سے جانے والوں کے دھرتی سے پیار پر شک ضرور ہوا ہے، ہم نے وفاق کو لکھ دیا یہ جزیرے سندھ کی ملکیت ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے بھی اس پر واضح موقف دیا، بلاول بھٹو نے جلسے کے موقع پر کہا کہ آرڈیننس واپس لیں، میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں ہم نے کوئی این او سی نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کے لوگ کہتے ہیں ہم جزائر اٹھاکر اسلام آباد تھوڑی لےجائیں گے، میں کہتا ہوں لےجاؤ ایک انچ زمین بھی لےجاؤ اگر ہمت ہے۔

تعارف Editor

یہ بھی چیک کریں

پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم عہدوں سے استعفے مولانا فضل الرحمن کو بھجوا دیئے

پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے علیحدگی کے فیصلے پر مرحلہ وار …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے