سندھ اسمبلی نے نشہ آور اشیا کے حوالے سے ترمیمی بل منظور کر لیا ہے۔
اس بل کے تحت آئس، کرسٹل کا استعمال اور فروخت پر عمر قید سمیت تین سے سات سال قید اور جرمانے کی سزا بھگتنا ہوگی۔ سندھ میں امن وامان کے معاملے پر بھی اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان بحث سیشن کے آخری روز بھی جاری رہی۔
تفصیل کے مطابق سندھ اسمبلی کے ایوان میں نشہ آور اشیا کی روک تھام پر بحث کی گئی۔ کوکین، آئس، کرسٹل اور دیگر نشہ آور اشیا کے استعمال اور فروخت پر سزائیں ہونگی۔ سندھ اسمبلی نے نشہ آور اشیا سے متعلق ترمیمی بل منظور کر لیا ہے۔
اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر اپوزیشن نے توجہ بھی دلائی۔ جی ڈی اے کے رکن نند کمار بولے کہ دن دیہاڑے لوگ اغوا ہو رہے ہیں۔ قتل کی واردات میں اضافہ ہو گیا ہے، جس پر مکیش کمار چاؤلہ کہنے لگے میرے ساتھ سندھ کے کسی بھی اضلاع میں اکیلے چلیں جیسا آپ فرماتے ہیں ایسا نہیں ہے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی رکن سعید آفریدی اور مکیش کمار کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ خیال بھی دیکھنے میں آیا۔ ایوان میں وراثتی سرٹیفکیٹ کا اجراء نادرا سے کرانے کا قانون بھی منظور کیا گیا۔