پیر , 30 نومبر 2020
ensdur

سائٹ اور بلدیہ میں خوفناک آتشزدگی، بھاری مالی نقصان

سائٹ ایریا اور بلدیہ ٹاؤن میں آتشزدگی کے دو واقعات میں بھاری مالی نقصان ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لبرٹی ٹیکسٹائل ملز کی بلڈنگ کے ایک یونٹ میں جمعرات کی صبح چھ بجے کے قریب آگ کی اطلاع پر ابتدائی طور پر پولیس ، رینجرز اور 8 سے زائد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے تاہم آگ بالائی منزلوں پر لگی ہونے کی وجہ سے اسنارکل بھی طلب کرلی گئی، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا اور قریبی تمام ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

فائر فائٹرز کی بھرپور کوششوں کے باوجود آگ کی شدت کم نہیں ہو سکی بلکہ وہ پھیلتی رہی جس پر شہر کے تمام فائر ٹینڈرز کے ساتھ کے پی ٹی اور پاکستان نیوی کے فائر ٹینڈر بھی پہنچ گئے، اس اطلاع پر رینجرز کے اعلیٰ افسران اور ڈی آئی جی ویسٹ کیپٹن (ر) عاصم خان نے بھی موقع کا معائنہ کیا اور آگ بجھانے کے دوران حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اطلاعات کے مطابق فیکٹری کی مشین سے چنگاری نکلی تھی جس کے بعد آگ نے پھیلنا شروع کیا ، فیکٹری انتظامیہ نے ابتدائی طور پر مل میں نصب آلات سے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم شدت کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔

فائر بریگیڈ کا عملہ وہاں پہنچا تو آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید گاڑیاں طلب کرلیں اور آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا، صبح 6 بجے لگنے والی آگ پر 14گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا ۔ 8 بجے رات تک فائر بریگیڈ کا عملہ نیوی اور کے پی ٹی سمیت دیگر اداروں کی مدد سے آگ کے شعلے بجھانے میں کامیاب ہوگیا جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔ اس موقع پر کے ایم سی کے فائر بریگیڈ حکام کے مطابق جب فائر بریگیڈ پہنچی تو دونوں منزلوں پر آگ پھیل چکی تھی۔ بالائی منزلوں اور ہوا کا رخ بدلنے کی وجہ سے آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔فائر بریگیڈکے ترجمان کا کہنا تھا کہ فیکٹری کی چھٹی اور ساتویں منزلوں پر صبح سویرے آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دونوں منزلوں کو مکمل طور پر لپیٹ میں لے لیا تھا۔

دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن کے علاقے محمد خان کالونی خیبر چوک کے قریب پلاسٹک کی بوریوں کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آتشزدگی کے دوران گودام کی چھت گر گئی اور دیواروں کو بھی نقصان پہنچا تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری مالیت کا سامان اور مشینری جل کر خاکستر ہوگئی۔

تعارف Editor

یہ بھی چیک کریں

علی قاسم گیلانی کی ضمانت منظور، 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ بھی خارج

لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے