سینیٹ الیکشن کے ٹکٹ کی تقسیم پر مسلسل تنقید اور بلوچستان میں تحریک انصاف کے اندر اختلافات کے بعد عبدالقادر سے ٹکٹ لیکر ظہور آغا کو ٹکٹ جاری کردیا گیا، کمیٹی کی جانب سے نامزد امیدوار عبدا القادر کو ریجنل صدور نے پیرا شوٹر، نیب زدہ اور شہباز شریف کا بزنس پارٹنر قرار دیدیا جس پر عبدالقادر سے ٹکٹ واپس لے لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے لئے بلوچستان سے عبدالقادر کو امید وار نامزد کر دیا تھا۔ اراکین صوبائی اسمبلی نصیب اللہ مری نے ان کا نام تجویز کیا جبکہ مبین خلجی عبدالقادر کے تائید کنندہ بنے تھے۔
عبدالقادر کا کہنا ہے کہ میرا تعلق، تعلیم، کاروبار بلوچستان سے ہے۔ میں دو ہزار اٹھارہ میں سینیٹ الیکشن میں حصہ لے چکا ہوں اور دھرنوں کے دوران لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کی ہے۔
واضح رہے عبدالقادر کو ٹکٹ دینے پر پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند ریجنل صدور کے ہمراہ ڈٹ گئے تھے اور عبدالقادر کو پیرا شوٹرقرار دیا تھا۔ ریجینل صدر نواب خان دمڑ نے کہا کہ عبدالقادر کا پی ٹی آئی بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ پیرا شوٹر، نیب زدہ اور شہباز شریف کا بزنس پارٹنر قرار دیا تھا۔