پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی، دونکاتی ایجنڈا ہوگا جس میں حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاوہ آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔ بلاول بھٹو کی طرف سے اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی کے دعوت نامے پہنچا دئے گئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ سابق وزیراعظم اور لیگی قائد میاں محمد نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس ٹیلیفونک رابطے کے دوران ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور انہیں اے پی سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت دی۔
Just spoke to Mian Mohammad Nawaz Sharif. Enquired about his health. Also invited him to virtually attend opposition APC, hosted by PPP, on 20th September.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) September 18, 2020
ٹویٹر پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ آئندہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کرے گی اور یہ کانفرنس 20 ستمبر کو ہو گی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کی طرف سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلیفون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں۔
دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت قبول کر لی جبکہ سزا کے بعد میاں نواز شریف پہلی بار کسی فورم سے خطاب کرینگے۔
مزید برآں اپوزیشن کی اتوار کے روز بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس کی تیاریاں جاری ہیں، اجلاس اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں دن 12 بجے شروع ہوگا، اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔