منگل , 4 اگست 2020
ensdur
اہم خبریں

آج نواب اکبر بگٹی کا یومِ پیدائش

آج نواب اکبر بگٹی کا یومِ پیدائش ہے۔ وہ اکبر بگٹی جو قیام پاکستان کی جنگ کا سپاہی تھا۔ وہ جو بلوچستان میں 15 فروری 1973 سے 3 جنوری 1974 تک وفاق کا نمائندہ تھا۔ سوال یہ ہے کہ وہ حکومت کا باغی کیسے بن گیا؟ سابق آمر جنرل پرویز مشرف نے نواب اکبر بگٹی کو دھمکی دی تھی کہ تم کو ہم وہاں سے ہٹ کریں گے کہ تم کو پتہ بھی نہ چلے گا۔ 26 اگست 2006ء کو کوہلو میں ایک دھماکے کے نتیجے میں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ سردار اکبر بگٹی اپنے دو پوتوں اور سات کمانڈروں سمیت جاں بحق ہو گئے۔

نواب اکبر خان بگٹی 12 جولائی 1927ء کو بارکھان حاجی کوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ڈیرہ بگٹی سے حاصل کی۔ بعد میں ان کے والد محراب خان نے ایچی سن کالج میں داخل کروایا۔ وہ ابھی زیرِ تعلیم تھے کہ 1939ء میں ان کے والد صاحب وفات پا گئے تو اب نواب صاحب نے نوابی کی ذمہ داری سنبھالی اور تعلیم مکمل کر نے کے بعد 1944ء کو باقاعدہ سردار کی حیثیت سے فعال ہوئے۔

نواب صاحب بعد میں اکبر کے نام سے مشہور ہوئے نواب صاحب 1946 ء سے سرداری کی تمام زمہ داریاں سنبھالنے لگے۔ نواب صاحب کی تین بیویاں ، ایک بگٹی ، ایک پٹھان اور ایک کا تعلق سندھ سے ہے۔ پہلی بیوی سے چار بیٹے سلیم، ریحان، طلال، سلال دوسری سے ایک لڑکا جمیل اکبر اور دو بیٹیاں ہیں تیسری کا ایک بیٹا ہے۔ نواب صاحب کے بھائی کا نام احمد نواز تھا۔ بچپن میں اس کا نام پائند ہ خان تھا ۔

28 نومبر 1946ء کو مری بگٹی قبیلے کے دو سردار دودا خان مری اور نواب صاحب نے ایک درخواست کے زریعے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے قبائلی علاقے بھی قلات فیڈریشن میں شامل ہونے چاہئیں اس وقت بلوچستان کے دو حصے تھے ۔ قلات اور برٹش بلوچستان ، قیام پاکستان کے بعد 1950ء کو نواب اکبر بگٹی ایجنٹ ٹو گورنر جنرل کونسل رکن بننے کے دوران مشیر بنے ۔ ملک فیروز خان مسلم لیگ (ن) کی کابینہ میں بحیثیت نائب وزیر دفاع شامل رہے۔اس عہدہ پر ایک سال تک فائز رہے۔ شہید نواب اکبربگٹی کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ایوبی دور میں کرنا پڑاجب 1955ء میں پاکستان کے مغربی حصے کے تمام صوبوں اور ریاستوں کے ساتھ دونوں حصوں کو یکجا کر کے ون یونٹ کے تحت مغربی پاکستان کے صوبے میں یکجا کر دیا گیا۔ 1956ء میں قائم شدہ (نیپ) نیشنل عوامی پارٹی کو بلوچستان میں اس وقت مزید پذیرائی ملی جب ایوب کے دور حکومت کے آخر میں حکومتی جبر و تشدد کے باعث تین سردار نواب خیر بخش مری، نواب اکبر خان بگٹی اور سردار عطااللہ مینگل نیپ میں ہمسفر ہو گئے تو اس وقت کا نعرہ یہ تھا:
اتحاد کا ایک نشان
عطاء اللہ، خیر بخش، اکبر خان

ایوبی حکومت کے خاتمے کے بعد ہی نوب مری اور سردار مینگل نے باقاعدہ نیپ میں شمولیت اختیار کی۔ نواب اکبر خان بگٹی اگر چہ ایبڈو کے سبب پارٹی میں شامل نہ ہو سکے لیکن وہ نیپ کی مکمل حمایت کرتے رہے۔ اگست 1962ء میں ایوب خان ملک میر خان کے ساتھ کوئٹہ آئے اور مسلح افواج کی حفاظت میں نہایت اشتعال انگیز تقریر کی۔ اگلے روز بلوچوں نے جوابی جلسہ کیا جن میں سندھ کے سیاسی رہنما میر رسول بخش تالپور بھی شامل تھے ۔ جلسہ میں ایوب خان کی آمریت کو للکارا گیا۔ تو بلوچستان کے کونے کونے سے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ نواب صاحب بھی گرفتار ہوئے ان پر بغاوت اور قتل کا الزام لگایا گیا نواب صاحب سینٹرل جیل کراچی اے کلاس وارڈ نمبر 19میں رہے۔ مارشل لاء کے بعد ایک قتل کے الزام میں گرفتار ہوئے اور چودہ سال قید کی سزا دی گئی لیکن وسط جولائی 1961ء میں رہا ہوئے۔ دسمبر 1970ء کی انتخابی مہم کے دوران نواب مری اور سردار مینگل نے نیپ میں باقائدہ شمولیت اختیار کر لی۔ اس وقت نواب صاحب شہید پر ایوبی دور حکومت میں ایبڈو کی پابندی لگائی گئی تھی ۔ وہ دس سال تک سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے تھے ۔

1970ء کے عام انتخابات میں انہوں نے بلوچستان میں نیپ (NAP) کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ 15 فروری 1973ء سے 3 جنوری 1974ء تک وہ بلوچستان کے گورنر رہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت میں نواب صاحب کو گورنر بلوچستان کی حیثیت دس ماہ تک ملی ، پھر اختلافات پر استعفٰی دے کر گھر جا کر بیٹھے ۔1980ء میں نواب صاحب نے سیاسی حکمت عملی کا انوکھا اور منفرد طریقہ اختیار کیا۔ انہوں نے مارشل لاء حکومت پر سیاسی دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ اور ضیاء کے دور میں اردو بولنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے ہر جگہ اپنی مادری زبان میں تقریریں کیں۔پھر 1988ء کے انتخابات میں اردو بولنا شروع کیا۔

1985ء کے عام انتخابات میں ان کے بھائی میر احمد نواز بگٹی اور سلیم اکبر بگٹی بالترتیب قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1988ء کے عام انتخابات سے کچھ عرصہ قبل انہوں نے بلوچستان نیشنل الائنز کے نام سے ایک سیاسی جماعت تشکیل دی اور 4 فروری 1989ء سے 6 اگست 1990ء تک بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہے۔

پھر 16 اگست 1990 ء کو کوئٹہ میں مشورے کے بعد جمہوری وطن پارٹی تشکیل دی اور 1990ء میں بلامقابلہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1993ء اور 1997ء میں وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔

اکتوبر 1990ء کے انتخابات کے بعد پاکستان میں جو حکومتی ڈھانچے قائم ہوئے تمام پارٹیاں بر سر اقتدار تھیں لیکن جمہوری وطن پارٹی واحد سیاسی جماعت تھی جو حزب اختلاف میں تھی ۔ 1993ء میں جمہوری وطن پارٹی نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن برقرار رکھی ۔ 1997ء کے انتخابات میں حصہ لینے سے نواب صاحب ممبر نیشنل اسمبلی اور بطور صوبائی ممبر نواب سلیم بگٹی کا انتخاب عمل میں آیا۔1993ء میں بگٹی جھکرانی جنگ ہوئی کچھ عرصے بعد 2003 میں بگٹی مزاری جنگ ہوئی اور پائپ لائن تباہ ہو گئے ۔ حکومت کو 12 کروڈ کا نقصان اٹھانا پڑا کرفیو نافذ ہوا ۔ نواب صاحب نے اس جنگ کو خوش آئند قرار دیا۔ بعد ازاں اطلاعات کے مطابق بگٹی مزاری کے باہمی مذاکرات کی وجہ سے ان کی دشمنی ختم ہو گئی۔

26 اگست 2006ء کو ایک دھماکے کے نتیجے میں سردار اکبر بگٹی اپنے اس غار میں، جہاں انہوں نے پناہ گاہ بنا رکھی تھی، اپنے مسلح ساتھیوں سمیت جاں بحق ہو گئے۔ چند روز بعد جب سردار اکبر بگٹی کی لاش بازیاب ہوئی تو حکومت نے اسے ایک صندوق میں بند کر کے سپرد خاک کر دیا۔

اکبر بگٹی کے قتل کا الزام اکبر بگٹی کے اقارب نے جنرل پرویز مشرف پر لگایا تاہم مشرف نے قتل سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔ اس قتل کو لے کر پورے بلوچستان میں حالات کشیدہ ہو گئے ، مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارتوں اور دیگر اشیاء کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شہروں میں احتجاج شروع ہوا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اکبر بگٹی کی ہلاکت میں پرویز مشرف کا ہاتھ ہے۔

تعارف Editor

یہ بھی چیک کریں

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم ہیڈ عمران غزالی وزارت اطلاعات کے ‘ڈیجیٹل میڈیا ونگ’ کے جنرل مینجر مقرر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے میرٹ پر تعیناتیوں کے دعوے اقربا پروری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے